لگزمبرگ (جیوڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی عدالت انصاف نے کمپنیوں کو اجازت دیدی ہے کہ وہ اپنے ملازمین پر حجاب سمیت کسی بھی مذہبی علامت پہننے پر پابندی لگا سکتی ہیں۔
خیال رہے کہ دفاتر میں حجاب پہننے کے معاملے پر یہ عدالت کا پہلا فیصلہ ہے۔ اس مقدمے کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب بیلجیم کی ایک کمپنی نے ایک ریپشنسٹ کو حجاب پہننے پر ملازمت سے فارغ کر دیا تھا۔ بیلجیئم کی عدالت نے یہ معاملہ یورپین عدالت میں بھیج دیا تھا۔
یورپی عدالت انصاف کے اس حکم نامے کے بعد اب یورپی کمپنیاں اپنے ملازمین کو حجاب پہننے سے بھی روک سکیں گی۔ تاہم عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اس طرح کی کوئی بھی پابندی تمام ملازمین کے مکمل طور پر غیر جانبدارانہ لباس پہننے کی پالیسی پر مبنی ہونی چاہیے اور ایسی پابندی گاہکوں کی درخواست پر لاگو نہیں کی جا سکتی۔