اسلام آباد (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق، حکمران جماعت نے پاناما کیس کا فیصلہ وزیر اعظم کے خلاف آنے کی صورت میں فوری الیکشن کروانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
مسلم لیگ نون کی اعلی قیادت نے تین ہفتوں میں چار بار مشاورت کی ہے۔ نون لیگ کو عدالت سے سرخرو ہونے کا یقین ہے پھر بھی تمام ممکنات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور سے الیکشن لڑوانے کا حتمی فیصلہ بھی ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومتی قانونی ماہرین پرامید ہیں کہ تحریک انصاف نے ایسی قانونی بنیاد فراہم نہیں کی جس کی بنیاد پر وزیراعظم کو گھر بھیجا جا سکے۔ مشاورتی اجلاسوں میں نوے فیصد رہنماؤں نے رائے دی کہ فیصلہ اگر خلاف آئے تو عوامی عدالت سے رجوع کیا جائے۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کیلئے مسلم لیگ ن کی تیاری مکمل ہے جبکہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہے۔ تحریک انصاف انتخابی تیاری کے بجائے سارا وقت احتجاجی سیاست میں لگی رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، الیکشن جب بھی ہوئے مریم نواز لاہور سے الیکشن لڑیں گی۔ تمام لیگی وزراء اور رہنماؤں نے نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے۔