ملک کے 63 اضلاع میں خانہ شماری کا دوسرا دن

Census

Census

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے تریسٹھ اضلاع میں خانہ شماری کا آج دوسرا دن ہے، مردم شماری 18 مارچ سے شروع ہوگی۔ اس موقع پر تمام متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات سخت رکھے گئے ہیں۔ عوام کو فارم بھرتے ہوئے تمام کوائف درست بتانے اور ادارہ شماریات کے اہلکاروں سے تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

سندھ میں کراچی کے 6 اضلاع کےعلاوہ حیدر آباد، گھوٹکی اور تعلقہ سہون شریف میں مردم شماری جاری ہے۔ پنجاب میں لاہور، جھنگ، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، راجن پور سمیت 16 اضلاع میں خانہ شماری کا مرحلہ تین روز تک جاری رہے گا۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پانچ پانچ اضلاع خانہ شماری کے پہلے مرحلے میں مکمل کئے جائیں گے۔

پشاور کےعلاوہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے 14 اور بلوچستان کے 15اضلاع میں 17مارچ تک خانہ شماری کی جائے گی جبکہ 18 سے 27 مارچ تک مردم شماری کی جائیگی۔

عوام نے بھی مردم شماری میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ 18 مارچ سے شروع ہونے والی چھٹی مردم شماری 13 اپریل تک روزانہ صبح 8 بجے سے شروع ہو کر شام 4بجے تک جارہی رہے گی۔