ملک کے 63 اضلاع میں آج سے مردم شماری شروع ہو گی

Census

Census

کراچی (جیوڈیسک) خانہ شماری کے بعد ملک کے 63 اضلاع میں آج سے مردم شماری ہو گی، مردم شماری میں پینسل سے فارم بھرنے کی اجازت نہیں ہے۔ چیف کمشنر شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ادھر کراچی کے سات ہزار بلاکس میں پینسٹھ فیصد خانہ شماری مکمل کرلی گئی جبکہ پہلے حصے کے سات ہزار بلاکس میں آج سے مردم شماری کی جائیگی۔

ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق کراچی کے سات ہزار بلاکس میں پینسٹھ فیصد خانہ شماری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پہلے حصے کے سات ہزار بلاکس میں کل سے مردم شماری شروع کی جائیگی، جن بلاکس میں خانہ شماری نہیں ہوئی وہاں مردم شماری کے ساتھ خانہ شماری بھی کی جائیگی۔

ایس ایس پی وسطی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ ضلع میں مرکزی کنٹرول روم ایس پی گلبرگ کے دفتر میں قائم کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق کنٹرول روم مردم شماری کے عمل کی نگرانی کرے گا، انہوں نے مزید بتایا کہ مردم شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد کنٹرول روم کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا، جبکہ ضلع وسطی میں کنٹرول روم کو کمیونٹی پولیسنگ سے منسلک کیا جائے گا۔

اس موقع پر ضلع وسطی میں رہائش پذیر مختلف کمیونٹیز کے سی سی ٹی کیمروں کوبھی منسلک کیاجائیگا جبکہ تمام پولیس موبائلز کنٹرول روم سے منسلک ہوں گی۔