اسپاٹ فکسنگ، 5 کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں شامل

Spot Fixing Scandal

Spot Fixing Scandal

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ مشتبہ کھلاڑیوں محمد عرفان، شاہ زیب حسن، خالد لطیف، شرجیل خان اور ناصر جمشید کے نام ای سی ایل میں شامل کردیئے گئے ہیں، نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری وزیرداخلہ چودھری نثار کی زیرصدارت اجلاس میں دی گئی۔

ایف آئی اے نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران 5 مشتبہ کھلاڑیوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلئے وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی۔

ذرائع کے مطابق مشتبہ کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش ایف آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان اور تفتیشی افسر شاہد حسن کی طرف سے کی گئی تھی اور اس ضمن میں وزارت داخلہ مراسلہ لکھا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھلاڑیوں کے نام مراسلہ تحریر کئے جانے کے 48 گھنٹوں میں ای سی ایل میں شامل کر لیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بُکیزکے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ وزیر داخلہ نے کرکٹ میں جوا اور اس کو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کو بند کرنے کی ہدایت بھی کی۔

چودھری نثار کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلو سے شفاف، غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، پاکستان کا نام بدنام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اسپاٹ فکسنگ میں ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔