کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے ویسٹ انڈیز روانہ ہو گئی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے دورے کو ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لئے انتہائی اہم قرار دے دیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے پر مایوسی ضرور ہے لیکن شرجیل اور خالد کے بارے میں ہمیں اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز آسان حریف نہیں، ویسٹ انڈیز کی پچز پاکستان ٹیم کو مدد دیں گی۔
مکی آرتھر نے مزید کہا کہ ٹیم کی فیلڈنگ اور فٹنس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کے لئے فٹنس اہمیت کی حامل ہے، ورلڈ کپ تک رسائی پہلا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں نئی اور جارحانہ انداز کی کرکٹ کھیلیں گے۔
کپتان سرفراز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سہیل خان نے پی سی ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ تاہم سرفراز احمد نے سپاٹ فکسنگ سکینڈل پر بات کرنے سے گریز کیا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ڈسپلن کو برقرار رکھنا ہو گا اور ورلڈ کپ میں رسائی کے لئے ون ڈے سیریز جیتنا ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیریز دونوں ٹیموں کے لئے اہمیت کی حامل ہے۔ سرفراز احمد نے یہ بھی بتایا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کی اچھی تیاری کی ہے۔