کراچی (جیوڈیسک) شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر گرفتار نہیں اغواء کیا گیا، جب وہ بیرون ملک جا رہے تھے تو لوگوں نے کہا کہ شرجیل میمن فرار ہو گیا ہے اور اب کہتے ہیں کہ ڈیل کر کے واپس آیا ہے۔
سابق صوبائی وزیر اطلاعات نے چودھری نثار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایگزٹ کنٹرول لسٹ پالیسی واضح کرنا ہو گی۔ انہوں نے وزیر داخلہ پر الزام لگایا کہ وہ ملک کو نوازستان بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کیسز کے باوجود وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام اے سی ایل سی میں کیوں نہیں ڈالا گیا؟ شرجیل میمن نے اے سی ایل سی میں نام شامل کئے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل میمن اسلام آباد سے کراچی پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کارکنان نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے۔