یوم پاکستان بھرپور قومی جذبے سے منانے کیلئے تیاریاں مکمل

Parade

Parade

اسلام آباد (جیوڈیسک) 23 مارچ کو یوم پاکستان بھرپور قومی جذبے سے منانے کیلئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ ایونیو میں روایتی فوجی پریڈ ہو گی، اس بار پریڈ میں چین، سعودی عرب اور ترک فوج کے دستے بھی شرکت کریں گے جبکہ جنوبی افریقہ کی فوج کے سربراہ بھی مہمانوں میں شامل ہوں گے۔

یوم پاکستان پر روایتی پریڈ کا انعقاد وفاقی دارالحکومت کے پریڈ ایونیو میں کیا جائے گا، تقریب میں صدر، وزیراعظم، جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفینس فورس کے سربراہ اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت وفاقی وزرا، اعلی فوجی اور سول حکام شرکت کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق اس بار یوم پاکستان کی پریڈ اس لئے بھی خاص ہوگی کہ عظیم دوست ملک چین کی پیپلز لیبریشن آرمی کی تینوں مسلح افواج، سعودی اسپیشل فورسز کا دستہ اور ترکی کا ملٹری بینڈ ترانوں پر سر بکھیرے گا۔

یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں، جہاں پاک فضائیہ کے طیارے شاندار فلائی پاسٹ کریں گے وہیں مسلح افواج کے مختلف دستے پریڈ پیش کریں گے۔

مسلح افواج میں شامل ہونے والے جدید ترین فوجی سازو سامان، نئے میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی ہوگی، فوجی پریڈ کی تیاریوں کیلئے شاہراہوں کی آرائش شروع کی جاچکی ہے۔

پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔