کراچی (جیوڈیسک) جمعرات کو پاکستان بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ ’یوم پاکستان‘ منایا گیا۔ اس حوالے سے کم و بیش ہر چھوٹے بڑے شہر میں مختلف انداز کی مختلف عوامی اور سرکاری سرگرمیاں اور پروگرام ترتیب دیئے گئے۔
کراچی والوں کے لئے اس بار سب سے بڑی خوشخبری یہ تھی کہ شہر میں پہلی بار ’سی ویو‘ پر پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضا میں کرتب دکھائے۔
چونکہ شہر میں پہلی مرتبہ طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا تھا۔ لہذا، عوامی سطح پر اسے بہت زیادہ پذیرائی ملی۔ ساحل پر صبح سے ہی لوگوں کی جم غفیر اکھٹا ہوگیا تھا جس میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔
رش کا یہ عالم تھا کہ تمام علاقے کی سڑکیں ہی نہیں گلیاں تک ٹریفک کے سبب کئی کئی گھنٹے تک بلاک رہیں۔
فلائی پاسٹ کی عوامی پذیزائی کو گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی شدت سے محسوس کیا اس لئے فلائی پاسٹ کے موقع پر سی ویو پر ہونے والی تقریب میں انہوں نے اظہار خیال بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فضائیہ کی طرف سے کراچی کے شہریوں کے لئے فلائی پاسٹ دلکش تحفہ ہے۔‘
فلائی پاسٹ کے دوران ایئرفورس کے پیرا گلائیڈرز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جبکہ مارچ پاسٹ میں 4،4 جنگی جہاز ٹولیوں کی صورت میں بھی اور علیحدہ علیحدہ بھی آسمان میں کرتب دکھاتے نظر آئے۔ شہری ایسے ہر نظارے پر تالیوں اور نعروں سے اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔
فلائی پاسٹ میں جے ایف 17 تھنڈر، میراج اور ایف 16 طیاروں نے فضائی کرتب دکھائے۔ ان طیاروں کی رفتار 1200 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ اس قدر تیز رفتار پرواز پر شاندار فارمیشن پائلٹس کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ اسے دیکھ کر عوام نے انتہائی خوش دلی کا مظاہرہ کیا۔
طیاروں کی گھن گرج نے ماحول گرمایا تو دوسری جانب فضائیہ کے جوانوں نے پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ کرکے بھی لوگوں کے دل جیت لئے۔
ان مناظر کو وائس آف امریکہ کے نمائندے نے بھی اپنے کیمرے میں محفوظ کیا ہے جو زیر نظر رپورٹ کے ہمراہ ویڈیو اور تصاویر کی شکل میں آپ کی دلچسپی کے لئے موجود ہیں۔