کراچی : انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری اور بزم طلبہ پاکستان کے صدر نبیل مصطفائی نے کہا ہے کہ جب قرارداد پاکستان پیش کی گئی تو اس وقت اس طاقت کا صحیح اندازہ بھی نہیں تھا کیوں کہ ابتدائی طور پر اسے قرارداد لاہور کہا گیا، لیکن دنیا نے یہ نظارہ بھی دیکھا کہ اس قرارداد نے ہندوستان کے کڑوڑوں مسلمانوں کے دلوں میں ایک ایسی روح آزادی پھونک دی تھی کہ ہر زبان اور ہر دھڑکن پر لفظ پاکستان رقم ہوگیا تھا، دنیا کی تاریخ میں شائد ہی کبھی ایسا ہوا ہو کہ کسی قوم نے سات سال پہلے سے ہی دعویٰ کردیا ہو کہ وہ الگ ملک حاصل کریں گے اور اس نقشہ بھی پیش کردیا ہواور جب ملک حاصل کیا گیا تو دنیا کو معلوم ہوا کہ یہ ملک دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور سب سے بڑا اسلامی ملک ہے، الحمداللہ برصغیر کے مسلمانوں نے دنیا کو یہ پیغام دے دیا تھا یہ وہی قوم رسول عربیۖ ہے جو بے سر و سامانی کے عالم میں قیصر و کسریٰ کی طاقت ہو، یا کبھی نہ سورج غروب ہونے والی برطانوی ایمپائر ہو یا دنیا کا ٹھیکیدار امریکہ ہو، سب کو چیلنج کرسکتی ہے اور شکست سے دوچار کرسکتی ہے،اپنے خطاب میں انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری اور بزم طلبہ پاکستان کے صدر نبیل مصطفائی نے کہا کہ یوم پاکستان ہم سب کی شان ہے۔
اس دن ہندوستان کے کڑوڑوں دلوں کی دھڑکن قائد اعظم محمد علی جناح نے قوم مسلم سے یہ عہد لیا تھا کہ چاہے کچھ ہوجائے ہم پاکستان ہر صورت حاصل کریںگے اور دو قومی نظریئے کا خواب شرمندہ تعبیر کرینگے،اب ضرورت اس امر کی ہے کہ جس اسلامی تہذیب و ثقافت اور اسلامی نظریئے کے لئے ہم ملک حاصل کیا تھا اس کی بقاء کے لئے کام کیا جائے، اسلامی کلچر عام کرنے کے لئے وسیع تر حکمت عملی کی ضرورت ہے،انجمن طلبہ اسلام، بزم طلبہ پاکستان سمیت تمام طلبہ جماعتیں و ادارے اس کاز کے لئے کام کر رہے ہیں،شان پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری اور متحدہ طلبہ محاذ کے نائب صدر بابر مصطفائی نے کہا کہ قائد اعظم کی فورس کا اولین دستہ طلبہ تھے، مجاہد ملت مولانا عبدالستارخان نیازی نے جس مسلم طلبہ فیڈریشن کی بنیاد رکھی ا س کی باقائدہ نگرانی محمد علی جناح کرتے تھے،طلبہ یہ نہ سمجھیں کہ وہ پروفیشنل زندگی میں آئے بغیر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کچھ نہیں کر سکتے ہیں، اگر طلبہ مکمل ایمانداری کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اپنے اپنے شعبہ کی باریکیوں کو سیکھ جائیں اور اس بات کا یقین رکھیں کہ ہر ایک طالبعلم کے اعلی یافتہ ہونے سے پاکستان میں پروفیشنل کی تعداد بڑھتی جائے گی اور اس سے پاکستان میں ترقی کے مزید مواقع فراہم ہونگے تو پھر ہم جلد ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائینگے، پاکستان سے محبت اور ایمانداری کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم معاشرے کی برائیوں سے اپنے دامن کو بچا کر رکھیں، بیہودگی اور بے حیائی سے خود کو دور کردیں، بڑوں کا احترام اور چھوٹوں کا خیال رکھیں اور عورتوں کی عزت کریں تو پھر معاشرہ خود بہ خود صاف شفاف ہوجائے گا، معاشرے میں بڑے لوگ ختم ہوجائیں تو برائیوں کا وجود ہی ختم ہوجائے گا اس لئے ہمیں چاہیے کہ معاشرے کے برے لوگوں کو اچھائی کی دعوت دیں،انجمن طلبہ اسلام شاہ فیصل ٹائون ،ملیر ٹائون اور بزم طلبہ کراچی کے زیر اہتمام شان پاکستان کانفرنس و تقریری و تحریری مقابلہ جات سے حافظ عمران مدنی، سید صہیب قادری، سید شہیر، خزیمہ قادری، عبدالرحمن نورانی، احمد رضا نورانی وغسان اعظمی دیگر طلبہ رہنمائوں نے خطابات کئے،جیتنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور کتب کے تحائف دیے گئے۔