کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ عوامی خدمات کے کاموں کو احسن طریقے سے انجام دیکر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کو یقینی بنا کر عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا ئیں ضلع کورنگی کے چاروں زونز خصوصاً کورنگی کے مختلف یوسیز میں فراہمی و نکاسی آب کے بڑھتے ہوئے مسائل نے عوامی زندگی کو جہاں اجیرن بنا دیا ہے وہیں سیوریج کے گندے پانی کی وجہ سے عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے بلدیہ کورنگی کی جانب سے تعمیر کئے ترقیاتی منصوبے تباہی کا شکار ہورہے ہیں ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے ایم پی عامر معین پیرزادہ کے ہمراہ کورنگی زون کے یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور وراڈز کونسلرز اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی ذمہ داران کے مشترکہ اجلاس سے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں یونین کمیٹیز کے نمائندوں نے علاقائی سطح پر بڑھتے ہوئے پانی اور نکاسی آب کے مسائل کے انبار لگا دیئے یونین کمیٹیز کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ عوامی شکایات تو کجا منتخب عوامی نمائندوں کی شکایات پر بھی توجہ دینے سے قاصر ہے۔
اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا اور ایم پی اے عامر معین پیرزادہ نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کو ہدایت کی کہ ترجیحی بنیادوں پر علاقائی سطح پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے عوامی نمائندوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلیٰ حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ ضلع کورنگی میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کے فوری تدارک کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلائیں۔