لاس ویگاس (جیوڈیسک) پولیس کے عہدیدار لیری ہیڈفیلڈ کے مطابق سہ پہر میں اس شخص نے ہتھیار ڈال دیے اور پولیس کو اس پر گولی نہیں چلانا پڑی۔ امریکہ میں لاس ویگاس کے ایک تفریحی مقام پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور ایک کو زخمی کرنے والے مسلح شخص نے ہتھیار ڈال کر خود کو حکام کے حوالے کردیا ہے۔
لاس ویگاس سٹریپ میں یہ واقعہ ایک ڈبل ڈیکر بس میں پیش آیا۔ یہ بس کوسموپولیٹن ہوٹل کے قریب لاس ویگاس بولیوارڈ پر کھڑی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو لوگ زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ دوسرے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مسلح شخص بس پر موجود تھا جسے پولیس، مذاکراتی ٹیم، روبوٹس اور بکتربند گاڑیوں نے گھیر رکھا تھا۔
لاس ویگاس پولیس کے عہدیدار لیری ہیڈفیلڈ کے مطابق سہ پہر میں اس شخص نے ہتھیار ڈال دیے اور پولیس کو اس پر گولی نہیں چلانا پڑی۔
پولیس کا خیال ہے کہ واقعے میں یہ ایک ہی شخص ملوث ہے اور حکام نے واقعے کے دہشت گردی سے تعلق کے امکان کو مسترد کیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
کوسموپولیٹن ہوٹل میں اس وقت نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق کھلاڑی اسکاٹ پولارڈ بھی مقیم تھے۔
انھوں نے امریکی خبررساں ایجنسی “ایسوسی ایٹڈ پریس” کو بتایا کہ وہ بار میں بیٹھے تھے کہ جب انھوں نے لوگوں اور عملے کے ارکان کو کاسینو کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا۔ “وہ سب چلا رہے تھے کہ ہمارے راستے سے ہٹ جاو۔”
یہ بس جنوبی نیواڈا کے ریجنل ٹرانسپورٹ کمیشن کے زیر انتظام تھی۔