واشنگٹن (جیوڈیسک) یورپی یونین اور متحدہ امریکہ نے روس میں بدعنوانی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے سینکڑوں پُرامن مظاہرین کو حراست میں لیے جانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ماسکو حکومت ان سب کو فوراً رہا کر دے۔
یورپی یونین کے ایک ترجمان کے مطابق روسی پولیس کا یہ ایکشن آزادیٴ اظہار کی خلاف ورزی ہے۔ ادھر امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھی ان مظاہرین کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کی ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے نگران ترجمان مارک ٹونر نے ان گرفتاریوں کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا۔ اتوار کو وسطی ماسکو میں ایک ’غیر قانونی‘ مظاہرے کے انعقاد پر روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی اور ان کے پانچ سو حامیوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ امریکا نے بھی گرفتار شُدگان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ماسکو کے پشکن اسکوائر کے قریب جمع ہونے والے مظاہرین میں سے پولیس نے لگ بھگ 500 افراد کو یہ کہہ کر تحویل میں لے لیا کہ یہ لوگ یہاں بغیر اجازت کے مظاہرہ کر رہے تھے۔
امریکہ کے محکمہ خارجہ کے قائم مقام ترجمان مارک ٹونر نے ایک بیان میں کہا کہ “پرامن مظاہرین، انسانی حقوق کے مبصرین اور صحافیوں کو حراست میں لیا جانا بنیادی جمہوری اقدار کی توہین ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ 2018ء میں صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا ارادہ رکھنے والے نوالنی کی گرفتاری پر امریکہ کو “تشویش” ہے۔