پارا چنار (جیوڈیسک) ہنگو میں کرم بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال پارا چنار منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال حکام نے اب تک 22 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کی اپیل پر لوگ خون کے عطیات جمع کرارہے ہیں جب کہ پاک فوج کےہیلی کاپٹرز کے ذریعے 12 انتہائی شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار اور بم ڈسپوزل کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ۔ ریسکیو کے عملے نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ، پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ نور مارکیٹ میں ہوا جس سے مارکیٹ میں خریداری کیلئے آئے ہوئے لوگ اپنی جان بچانے کیلئے دیوانہ وار بھاگ کھڑے ہوئے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو میں داخل کر ادیا گیا ہے ، ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔