واشنگٹن (جیوڈیسک) نئی تھری ڈی اینی میٹیڈ فلم ‘دی باس بے بی ‘ آتے ہی باکس آفس پر چھاگئی ہے۔ صرف 3 دنوں میں 5 ارب 13 کروڑ روپے کما کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
اس ہفتے ٹاپ پوزیشن حاص کرنے والی اینی میٹڈ فلم دی باس بے بی کی کہانی ایک 7 سالہ بچے کے گرد گھوم رہی ہے ۔ جس کے ماں باپ ایک ننھا بچہ گود لیتے ہیں ۔
یہ ننھے میاں تمام گھر والوں سے اپنے نخرے اُٹھواتے ہیں، جس کی وجہ سے بڑا بھائی اسے نا پسند کرنے لگتا ہے ۔ چھوٹا بچہ نہ صرف اپنے ساتھ بریف کیس لیے گھومتا بلکہ بہت تیزی سے باتیں بھی کرتا اور اپنے آپ کو کسی باس سے کم نہ مانتا ۔
ادھرفلم ’’بیوٹی اینڈ دا بیسٹ‘‘ نے اس ہفتے باکس آفس پر پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی اور دوسرے نمبر پر آگئی ، فلم نے اس ہفتے مزید پانچ ارب بٹورے ۔
فلم کی کہانی ایسے شہزادے کے بارے میں ہے جو بوڑھی پری سے بدتمیزی کے بعد سزا کے طور پر بھیڑیے میں بدل جاتا ہے۔ دوبارہ انسان بننے کے لیے ضروری ہوتاہے کوئی لڑکی شہزادے سے اسی روپ میں سچے دل سے اظہار محبت کرے ۔
اس ہفتے ریلیز ہونے والی نئی ایکشن کرائم فلم ’’ گھوسٹ ان دی شیل‘‘ دو ارب روپے آمدنی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ۔ فلم کا مرکزی کردار اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن نے ادا کیا ہے ۔
’’گھوسٹ ان دی شیل‘‘ کی کہانی سائبورگ سسٹم کی قابل ترین خاتون افسر دی میجر کے گرد گھومتی ہےجسے خطرناک کمپیوٹر ہیکرز اور سائبر کرمنلز کو تلاش کرنے کا ٹاسک دیا جاتا ہے۔