لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے لاہور میں سالانہ تعلیمی کانفرنس کا جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جن مشکلات کا شکار ہے ان سے نکلنے کی واحد امید تعلیم یافتہ نوجوان ہی ہیں اسلام کی حقیقی تعلیم کا درس دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو اسلامی اقدار اور جدید تقاضوں کے مطابق ہونا چاہئے تاکہ طلبہ دینی تعلیمات کی روشنی میں وقت کے جدید تقاضوں سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے میدان عمل میں آئیں اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
سید سرفراز نقوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان میں تعلیمی انقلاب کی خواہاں ہے نوجوانوں کو پیش آنے والی مشکلات میں سے ایک مشکل مغرب ذدہ مفکرین و دانشور ہیں جو ایک طرف معاشرہ کے لئے ناسور بنتے جارہے ہیں تو دوسری طرف نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے دور کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مایوسیوں اور غیر دینی حصار کو توڑ کر تعلیم کے ذریعے تبدیلی لانی ہے تاکہ اسلامی معاشرے کو کو تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی و تعلیمی معاشرے کی تشکیل سے ہی بحرانوں کے چنگل سے نکلا جاسکتا ہے اس میں سب سے بڑھ کر اساتذہ اورتعلیمی اداروں کے سربراہان کو ادا کرنا چاہئے آج اسلامی و تعلیمی معاشرے کا مقصد آنے والی نسلوں کو پرامن اور خوشحال ماحول میسر کرنا ہے تاکہ وہ ترقی کی بلندیوں پر پہنچ کر اسلام اور پاکستان کے پرچم کو بلند کر سکیں ۔مرکزی سیکرٹری تعلیم یاور عباس کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کی تعلیمی کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں تین روزہ ورکشاپ جمعہ سے لاہور میں منعقدہوگی جس میں ملک بھر سے سینکڑوں طلبہ شریک ہونگے۔