ممبئی (جیوڈیسک) معروف بھارتی اداکار عرفان خان نے کہا ہے کہ ماضی کے سپرسٹار ونود کھنہ کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں اور ان کی جان بچانے کیلئے اپنے جسم کا کوئی بھی عضو انہیں عطیہ کرنے کو تیار ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار عرفان خان نے بھارتی فلم انڈسٹری کے ماضی کے کامیاب ترین ہیرو ونود کھنہ کی بیماری پر اپنے جسم کا عضو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بات عرفان خان نے اپنی نئی آنیوالی فلم ہندی میڈیم کے ٹریلر کے اجرا کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ ہیرو ونود کھنہ کی بیماری کی خبر سن کر تشویش میں مبتلا ہو گیا اور ان کیلئے دعاگو ہوں کہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ونود کھنہ کی بیماری کی حالت میں تصویر دیکھ کر سکتے کی حالت میں ہوں۔ عرفان خان نے کہا کہ ونود کھنہ میرے ہی نہیں بھارت کے پسندیدہ ترین ہیرو اور فلم انڈسٹری کا اثاثہ ہیں۔