کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن کی مرکزی تقریب ختم بخاری 16 اپریل بروز اتوار صبح 10 بجے شروع ہو گی، ملکی سیاسی وسماجی شخصیات اور مختلف ممالک کے سفراء، قراء کرام، علماء کرام اوملک بھر کے جید علماء کرام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی زیر صدارت جامعہ بنوریہ عالمیہ کی مجلس منتظمہ اور مجلس تعلیمی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ناظم تعلیمات اور شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غوری، شیخ الحدیث مولانا عزیزالرحمن ہزاروی ،ایڈمنسٹریٹر جامعہ مولانا غلام رسول ، نائب مہتمم مولانا نعمان نعیم ،مولانامحمد الیاس،مولانا آفتاب الحق،شعبہ ویلفیئر کے نگران مولانا فرحان نعیم ،مولانا سیف اللہ ربانی ، مولانا رشیداحمد سواتی، مولانا صابر جوزی ، مولانا مفتی آصف اختر، مولانا مفتی عبدالرحمن سمیت دیگر تعلیمی اور انتظامی کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کو، بنوریہ اکیڈمی ، شعبہ غیر ملکی ، شعبہ حفظ وناظرہ اور شعبہ ویلفیئر کے تحت گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والی اختتامی تقریبات کے حوالے سے رپورٹ اور پورے سال کی تعلیمی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ مرکزی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیاگیاجس پر رئیس الجامعہ نے اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعلیمی سال 2017میں اساتذہ کی محنت ولگن کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔