ممبئی (جیوڈیسک) انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی ایک عدالت نے 2002ء میں فلمساز شکیل نورانی کو مبینہ دھمکیاں دینے کے مقدمے میں سنجے دت کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ تاہم سنجے دت عدالت کے حکم کے مطابق خود عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
خیال رہے کہ فلم ساز شکیل نورانی نے ان کو مبینہ دھمکی دینے کے معاملے میں سنجے دت کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی تاہم بالی ووڈ اداکار پیشی سے مسلسل غیر حاضر رہے جس کی وجہ سے عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔
شکیل نورانی نے 2013ء میں عدالت میں دائر درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ سنجے دت نے ان کی فلم جان کی بازی میں کام کرنے کا وعدہ کیا جس کے لیے انھیں 40 لاکھ روپے ادا کیے گئے لیکن انھوں نے مبینہ طور پر نہ تو فلم میں کام کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
اس معاملے کو ختم کرنے کیلئے سنجے دت کی جانب سے مبینہ طور پر جرائم پیشہ افراد نے انھیں دھکمیاں دیں۔