لیوٹن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے جنرل سیکرٹری آصف مسعود چوہدری نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم پر پارٹی موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ پیلٹ گن سے موجودہ نسل کو بینائی سے محروم کرنے والی دہشتگرد فوج نے اسرائیلی دہشتگرد فوج کے ہتکنڈے استعمال کرنا شروع کر دئے۔
قابض فوج نےمعصوم کشمیریوں کو فوجی گاڑیوں کے اوپر باندھ کر سڑکوں پر گھمانا شروع کردیا۔ اس قسم کی غنڈہ گردی سے لوگوں کے اندر دہشت پھیلائی جارہی ہے۔ بھارتی فوج عام لوگوں کو بھی پکڑ کر اپنی سفاکی کا نشانہ بنا رہی ہےجس کی جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی فوج کی کشمیری نوجوانوں پر شدیدتشدد کی بے شمار وڈیوز بھی موجود ہیں جن میں قابض فوج کے اہلکار کشمیری نوجوانوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
جمہوریت کے چمپئن ملک کے میڈیا کا کردار بھی انتہائی شرمناک ہے جو اپنے دفاع میں گولیوں کے بدلے پتھر پھیکنے والوں کو دہشتگرد کہتے ظاہر کرتے رہے ہیں اپنی فوج کی جانب سے کشمیریوں نوجوانوں پر کئے جانے والے وحشیانہ تشدد پر خاموش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کر کے بھارت کو اس کی اوقات یاد دلا دی۔
جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹیاس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کشمیریوں کو اپنا مقدمہ خود لڑنا ہے اور اس کے لئے دنیا بھر میں جہاں جہاں کشمیری آباد ہیں ایک ایجنڈہ پر متفق کر اپنا کیس دنیا کے سامنے پیش کریں۔
نام نہاد وکیلوں نے ہماری جدو جہد کو بے حد نقصان پہنچایا اور سوا دو کروڑ انسانوں کے بنیادی انسانی حقوق کے حصول کی جنگ کو محظ سرحدی تنازعہ بنا کر پیش کیا ۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے ریاست کی وحدت ، آزادی ،خودمختاری اور خوشحالی کے لئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔