نئی دہلی (جیوڈیسک) اقلیتی کونسل مغربی بنگال کے ممبر سید شاہ عاطف علی قادری نے سونونگھم کے اذان سے متعلق ٹویٹ پر فتویٰ جاری کردیا،کہتے ہیں جو شخص سونو نگھم کے بال کاٹے اور جوتوں کے ہار پہنائے گا اسے 10 لاکھ روپے انعام دیا جائےگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ عاطف علی قادری کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی کسی دوسرے مذاہب کے خلاف بات کرنے کا حق نہیں،سونونگھم جیسے لوگوں کو ملک سے نکال دینا چاہئے،بالی ووڈ اداکار نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے یہ سب کچھ کیا،آئندہ اپنے مذاہب سے متعلق کوئی غیر متعلقہ بات برداشت نہیں کریں گے بلکہ موسیقی اور کنسرٹ سے مسلمانوں کی نماز میں خلل پیدا ہوتا ہے، ہر مذاہب صبح جلدی اٹھنے کی تلقین کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ گلوکار سونو نگھم نے سماجی میڈیا کی سائٹ پر لکھا تھا کہ مسلمان نہیں ہوں،اذان کی وجہ سے آنکھ کھل جاتی ہے،بھارت میں مذہب کا یہ زبردستی کا نفاذ کب ختم ہوگا جس پر سماجی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔