دادو (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دادو میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت جتوئی کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں، وقت ثابت کرے گا کہ آپ نے جو فیصلہ سندھ اور پاکستان کے لئے کیا وہ درست ثابت ہو گا۔
عمران خان نے اپنے دھواں دار خطاب میں سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا، بولے کل آصف زرداری نے میرے متعلق کہا مجھے سیاسی سمجھ نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اللہ سے ہاتھ اٹھا کر دعا کروں گا کہ اللہ مجھے زرداری جتنی سمجھ نہ دینا، زرداری نے وہ کارنامہ سرانجام دیا ہے جو ملٹری ڈکٹیٹر بھی انجام نہیں دے سکتا تھا، زرداری نے چاروں صوبوں کی جماعت کو چھوٹی سی جماعت بنا دیا۔
عمران خان بولے، آصف زرداری یہ آسان نہیں بڑا مشکل کام تھا! انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی جماعت کو چھوٹی جماعت ڈکٹیٹر بھی نہیں بنا سکتا تھا، زرداری نے جس شاندار طریقے سے پیپلز پارٹی کو تباہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ دو بڑے شاطر سیاستدان، زرداری اور مولانا فضل الرحمان ہیں، زرداری تو عوام میں جا نہیں سکتا، سب اسے ڈاکو کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اسلام کے نام پر سیاست کرتا ہے تو ڈیزل کے نعرے لگتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف اب تک معصوم اور مظلوم بنا ہوا تھا اب پھنس گیا ہے، اربوں روپے کے مے فیئر کے فلیٹس نواز شریف کے نکلے، نواز شریف کو 30 سالوں سے جانتا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ اس نے کیسے پیسہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ میں نام آنے پر دنیا میں نواز شریف کی شکل سامنے آئی، پانامہ کیس میں نواز شریف سے جواب لینے میں ایک سال جد و جہد کی، نواز شریف نے ہمیں ٹی او آرز کی بتی کے پیچھے لگا دیا اور خواجہ آصف نے کہا کہ میاں صاحب فکر نہ کرو لوگ بھول جائیں گے، ان کی ساری اخلاقیات ختم ہو چکی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عوام کا نمائندہ اسمبلی میں کہتا ہے کہ منی لانڈرنگ سے جو پیسہ باہر گیا نواز شریف اس کی فکر نہ کرو، لوگ جلد پانامہ کو بھول جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرضے لینے والی قوم غلام بن جاتی ہے، قرضوں کی قسطیں عوام ٹیکسوں کی شکل میں ادا کرتے ہیں۔ عمران خان بولے سندھ کے لوگو،آپ کو کرپشن نے تباہ کر دیا ہے، سندھیوں کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے، چھوٹا سا طبقہ پاکستان کو لوٹ رہا ہے اور لٹنے کیوجہ سے قوم غریب ہو رہی ہے۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ جمعے کو وہ اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر اکھٹا کریں گے اور نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کریں گے۔