برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سابق سپریم لیڈر امان اللہ خان کو زبردست تحسین پیش کیا ہے۔ مرحوم امان اللہ خان کی پہلی برسی پر برسلز سے جاری ہونے والے بیان میں علی رضا سید نے کہا ہے کہ امان اللہ خان کا کشمیرکی تحریک آزادی کے حوالے سے کردار ناقابل فراموش ہے۔
علی رضاسیدنے کہاکہ امان اللہ خان ایک سچے کشمیری رہنماء تھے اور انھوں نے اپنی پوری زندگی کشمیرکاز کے لیے وقف کررکھی تھی ۔ وہ مسئلہ کشمیرکا کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل چاہتے تھے تاکہ کشمیرکے لوگوں کی زندگی میں سکون آسکے اور ان کو ان کے حقوق مل سکیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اپنے بیان کے دوسرے حصے میں مقبوضہ کشمیرکی موجودہ گھمبیرصورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتی افواج کی طرف سے طلباء پر حالیہ حملوں کی مذمت کی ۔ انھوں نے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام تحریک آزادی کی جدوجہد میں مصمم ہیں اور ان کے اس محکم عزم کو کوئی روک نہیں سکتا۔ کشمیریوں کی تحریک اپنے منطقی انجام کو پہنچ کررہے گی۔ انھوں نے حالیہ دنوں کشمیری طلباء اور رہنماوؤں کی گرفتاری اور حراست کی مذمت کی۔
علی رضاسید نے اس عزم کااظہارکیاکہ کشمیرکونسل ای یو مقبوضہ کشمیرکے عوام کی حمایت جاری رکھے گی اور ہم حق خودارادیت کے موضوع کو عالمی فورمز پر اٹھاتے رہیں گے۔
کشمیرکونسل ای یو کے بیان میں مقبوضہ کشمیرمیں فیس بک ، ٹویٹراور واٹس ایپ سمیت سماجی رابطوں کی سولہ ویب سائٹوں پر پابندیو ں کی بھی مذمت کی ہے اور کہاکہ یہ اقدام سماجی رابطوں اور اظہاررائے کی آزادی کے مسلمہ اصولوں اورعالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیریوں پر پابندیاں ختم کرے۔