وزیرآباد (نامہ نگار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 130 واں عالمی یوم مزدور یکم مئی بروزسوموار کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔یہ دن 1886ء شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے اوقات کار میں کمی اور بہتر حالات کار کیلئے شروع کی گئی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو دنیا بھر کے محنت کشوں کیلئے تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن کر مشعل راہ کا روپ دھارتے ہوئے سامنے آئیں۔اس موقع پر کروڑوں مزدور اپنے حقوق کی جدو جہد کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے رفقاء کو عقیدت و احترام کے ساتھ خراج تحسین پیش کریں گے جبکہ اس موقع پر تمام شہروں میں ریلیاں، جلسے، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائیگا جن میں تمام سیاسی جماعتوں، مزدور تنظیموں کے علاوہ سو ل سوسائٹی کے تمام طبقات شرکت کریں گے۔ورلڈ لیبر ڈے کے موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا جائیگا کہ تمام مزدور تنظیمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے مل جل کر کام کریں گی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(نامہ نگار)محکمہ انہار کی غفلت، اخبارات میں نشاندہی اور عوامی احتجاج کے باوجود ویروکی کو جانے والے رستہ سے مٹی کو نہ ہٹایا۔اہل علاقہ کا وزیراعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ محکمہ انہار کے عملہ نے دھونکل راجباہ کی صفائی کے دوران نکالی گئی بھل موضع ویروکی کو جانے والے پختہ سولنگ روڈ پر ڈال کر اہل علاقہ کیلئے شدید مشکلات پیدا کردی ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق وہ شہر سے واپسی کیلئے اس روڈ کا استعمال کرتے ہیں جبکہ عملہ انہار نے جان بوجھ کر رستہ کو خراب کردیا ہے جو آئندہ دنوں میں بارش کی صورت میں مزید خراب ہوجائے گا۔اہل علاقہ کی طرف سے احتجاج اور قومی اخبارات میں صورتحال کی نشاندہی کے باوجود ذمہ داروں کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے رستہ تباہ کرنے والے عملہ ، متعلقہ افسران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے روڈ کی فوری درستگی کا مطالبہ کیا ہے۔