ہوانا (جیوڈیسک) کیوبا کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں آٹھ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے گئے ہیں۔
فوج کی طرف سے جاری بیان کے مطابق روسی ساختہ اے این۔ 26 طیارہ دارالحکومت ہوانا کے قریب واقع پلیا بارکوا کے ہوائی اڈے سے پرواز کرنے کے بعد ہوانا سے 65 کلومیٹر جنوب مغرب میں صوبے ایرتیمیسیا کے قصبے کینڈالاریا کے قریبی پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اس واقعے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں اور بتایا جاتا ہے کہ پرواز کے وقت موسم بالکل صاف تھا۔ فوج کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں لیکن اس بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
نومبر 2010ء میں ایروکیربیئن کی ایک پرواز سانتیاگو سے ہوانا جاتے ہوئے خراب موسم کے باعث وسطی کیوبا میں گر کر تباہ ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 28 غیرملکیوں سمیت 68 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
یہ کیوبا میں بیس سالوں کے دوران ہونے والا مہلک ترین فضائی حادثہ تھا۔
اس سے قبل 1989ء میں کیوبا کا ایک خصوصی طیارہ ہوانا سے اٹلی کے شہر میلان کے لیے اڑان بھرنے سے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس پر سوار تمام 126 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ جہاں یہ طیارہ گرا وہاں بھی لگ بھگ دو درجن افراد مارے گئے۔