برج ٹاؤن (جیوڈیسک) چوتھے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے ایک وکٹ پر چالیس رنز سے دوسری اننگز کا آغاز کیا لیکن ابتدا میں ہی اسے نقصان اٹھانا پڑ گیا، جب محمد عامر نے شمرون ہتھمائر کو بولڈ کر کے واپس بھیج دیا۔ شمرون نے 22 رنز بنائے۔ اس کے بعد کریگ براتھ ویٹ اور شائی ہوپ نے ٹیم کو سہارا دیا اور 56 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ براتھ ویٹ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کی وکٹ یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب یاسر شاہ نے اپنی ہی گیند پر روسٹن چیز کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شائی ہوپ تھے، جو 90 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ اظہر علی نے ان کا کیچ پکڑا۔ چھٹی وکٹ ویشول سنگھ کی گری، 32 کے انفرادی سکور پر محمد عباس نے انہیں بولڈ کیا۔ ویسٹ انڈیز کو ساتواں نقصان ہولڈر کا اٹھانا پڑا۔ یاسر شاہ ہی کی گیند پر یونس خان نے ان کا کیچ پکڑا۔ آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈاؤرچ تھے۔ انہوں نے 2 رنز بنائے اور یاسر شاہ کا شکار بنے۔ ویسٹ انڈیز کی نویں وکٹ جوزف کی گری، 7 کے سکور پر یاسر شاہ نے انکو پویلین بھیجا۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس نے دو اور عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 393 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ اظہر علی، احمد شہزاد اور کپتان مصباح الحق نے پراعتماد طریقے سے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 155 کے سکور پر گری جب احمد شہزاد کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ بشو کی گیند پر ہوپ نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ تاہم ان کے بعد آنے والے بلے باز بابر اعظم اور یونس خان نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم کی وکٹ گیبریل کے حصے میں آئی جبکہ یونس خان کو بشو نے چلتا کیا۔
اس کے بعد اظہر علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری سکور کی۔ تاہم ان کا سکور ابھی 105 رنز پر پہنچا تو دویندرا بشو کی گیند پر وہ اپنا کیچ دے بیٹھے۔ پاکستانی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کی برتری ختم کی۔ پاکستان کو پانچواں نقصان کپتان مصباح الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جو اپنی سنچری سے صرف ایک رن کی دوری پر 99 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ہولڈر کی گیند پر ہوپ نے ان کا کیچ لیا۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 325 رنز پر گری جب نائب کپتان سرفراز احمد بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ گیبریل کی گیند پر پاؤل نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے فوری بعد ہی اسد شفیق بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اسد شفیق نے 15 رنز بنائے اور ہولڈر نے انھیں ایل بی ڈبلیو کیا۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ محمد عامر کی گری جو کہ 10 رنز بنا کر ہولڈر کا شکار بنے۔ پاکستان کو نواں نقصان شاداب خان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ گیبریل کی گیند پر چیس نے ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر شاہ تھے، 24 کے سکور پر گیبریل نے ہی ان کو پویلین بھیجا۔