کراچی : اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ اردو گلشن کیمپس کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ “دی گرینڈ اردو ایکسپو ” اختتام پذید ہو گیا ۔بک فیئر کے پہلے روز نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، معروف صحافی علائوالدین خانزادہ اور وائس چانسلر جامعہ اردو سلمان محمد ڈی نے افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر اسامہ رضی نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور علم کی ترقی اور عروج کا دور ہے اور کتب میلے کا انعقاد اسی لئے کیاجاتا ہے کہ طالب علموں کے علم میں مزید نکھارپیدا کیا جا سکے اور یہی وجہ ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی بدولت یہاں تمام کتب رعائتی نرخوں پر دی جا رہی ہیںیہ با ت قابل غور ہے کہ طالب علموں سے کتب کی رغبت کم ہوتی جا رہی ہے جبکہ کتب ہی علم کا سرچشمہ ہے لیکن قابل مسرت عمل یہ ہے کہ طلبہ طالبات کی بڑی تعداد یہاں سے مستفید ہو رہی ہے۔علائوالدین خانزادہ نے کہا کہ طلباء کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے تا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دوسری سرگرمیوں میں بھی پیچھے نہ رہیں تعمیر وترقی علم کے مرہون منت ہے اور کوئی قوم علم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔
پروگرام کے دوسرے روز نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی،سید عبدالرشید اوربلدیہ ہیلتھ چیئرمین ضلع غربی عبد الصمدنے بھی دورہ کیا ۔نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی خدمت ِکسی سے ڈھکی چھپی نہیںطلباء اور نوجوان ملک کو سرمایہ ہیں ،طلباء ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کاعہد کریں ۔دو روزہ دی گرینڈ اردو ایکسپوسے ہزاروں طلبہ و طالبات مستفید ہوئے طلباء کا کہنا تھا کہ بک فیئر سال میں ایک بار منعقد ہوتا ہے جس سے وہ ضرور فائدہ حاصل کرتے ہیں۔
THE GRAND URDU EXPO
دی گرینڈ اردو ایکسپو میں کرکٹ ٹورنامنٹ ،نیلام گھر،تقریری مقابلہ،سائنسی نمائش اور ہونہار طلباء کے لئے ٹیلنٹ ٹریبیوٹ اور بک فیئرکا انعقاد کیا گیا جس میں سائنس ، کمپیوٹر ، طب ، انجینئرنگ ، سیاست ، کھیل ، ثقافت ، تاریخ عامہ ،تاریخ اسلامی سمیت مختلف موضوعات پر کتابیں انتہائی مناسب اور کم قیمت پر دستیاب تھیں۔بعد ازاں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ (اردو گلشن کیمپس ) کی جانب سے بک فیئر کے رضاکاروںمیں انعامی رقم و سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔