کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ہاکس بے پر سمندر میں نہاتے ہوئے دو بھائیوں سمیت پانچ دوست ڈوب گئے، چار کی لاشیں نکال لی گئیں، پانچوں دوست بفرزون اور نارتھ ناظم آباد کے رہائشی تھے۔ کراچی کے ساحل ہاکس بے پر المناک حادثہ پکنک منانے کے لئے آنے والے پانچ دوست ڈوب گئے۔
ہاکس بے پر کے ایم سی ایمرجنسی رسپانس سینٹر کے انچارج محمد معراج کے مطابق صبح سات بجے کینپ پوائنٹ کے قریب نہاتے ہوئے پانچ نوجوانوں کے ڈوبنے کی اطلاع ملی۔ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
غوطہ خوروں نے پچیس سالہ دانش ، انیس سالہ سید رضا ، سترہ سالہ مشال منہاس اور سترہ سالہ زبیر کی لاشیں نکال لی گئیں ۔ لائف گارڈز نے تئیس سالہ سید عمر کو بیہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا۔
ڈوبنے والے نوجوانوں میں دو سگے بھائی سید رضا اور سید عمر شامل ہیں ۔ جس میں سے سید عمر بچ گیا جبکہ سید رضا جان سے گیا۔ متوفین نارتھ ناظم آباد بلاک ایم ، فیڈرل بی ایریا بلاک 5 اور بفرزون کے رہائشی تھے۔
ڈوبنے والے چاروں دوستوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لئے سول ہسپتال منتقل کی جہاں سے کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ لاشیں گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ ایک ہی مقام پر پانچ دوستوں کے ڈوبنے پر ساحل پر تفریح کے لئے آنے والے افراد میں خوف وہراس پھیل گیا۔