اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کیس ان معاملات میں آتا ہے جن پر پاکستان عالمی عدالت کا دائرہ کار تسلیم نہیں کرتا۔ نفیس ذکریا نے کابل میں پاکستانی سفارت کاروں کے اغوا کو عالمی سفارتی آداب کی خلاف ورزی قرار دیا۔
کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت انصاف کے دائرہ کار میں نہیں آتا، پاکستان کا واضح اور دو ٹوک اعلان۔ پاکستانیوں کیلئے میڈیکل ویزے پر ناقابل عمل بھارتی شرائط افسوس ناک قرار، چمن سرحد کھولنے کیلئے بات چیت جاری۔ ترجمان دفتر خارجہ نےکہا کلبھوشن یادیو کئی پاکستانیوں کا قاتل ہے۔
بھارت عالمی عدالت انصاف میں ویانا کنونشن کی خلاف ورزیوں کےالزامات سے خود ہی بے نقاب ہو گیا۔ نفیس ذکریا نے بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے میڈیکل ویزے پر نئی شرائط کو ناقابل عمل اور افسوس ناک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ویزہ جاری کرنے یا نہ کرنے کا اختیار بھارت کے پاس ہے مگر ویزے کو مشیر خارجہ کے خط سے مشروط کیا جانا غیرمنطقی ہے، بین الریاستی تعلقات میں یہ انوکھی مثال قائم کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت کاروں کو محبوس کرکے افغانستان نے عالمی سفارتی آداب کی خلاف ورزی کی۔