برسلز (پ۔ر) کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں دہشت گردی کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ یہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ شب مانچسٹر میں ایک خودکش دہشت گرد انہ حملے میں بائیس افراد مارے گئے اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔
انھوں نے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشد د اور دہشتگردی کسی بھی صورت میں قابل تحمل نہیں۔ بے گناہ اور نہتے لوگوں پرحملے ہرگز قابل قبول نہیں۔ علی رضاسید نے اس موقع پر برطانیہ کی حکومت، عوام اور خاص طورپر ان واقعے میں مارے جانے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
انھوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیاکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہو گا اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور قوم نہیں بلکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔