القطیف (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے شہر القطیف میں بارود سے بھری ایک کار کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام نمازِ مغرب سے چندے قبل القطیف شہر کے علاقے میاس میں ایک شاہراہ پر کار بم دھماکا ہوا ہے۔ حکام نے بم دھماکے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور ان کی شناخت فاضل ال حمادہ اور محمد الصويمل کے نام سے کی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرنے والے دونوں مشتبہ افرا د القطیف کے نواح میں واقع علاقے العوامیہ سے تعلق رکھتے تھے اور وہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوّث ہونے کے الزام میں حکام کو مطلوب تھے۔
اس بم حملے میں ملوث تین اور افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار علاقے میں ان کی تلاش میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر القطیف میں کار بم دھماکے کے بعد بعض ویڈیوز پوسٹ کی گئی ہیں۔ ان میں دھویں کے بادل آسمان کی جانب اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ان میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔
اس کار بم دھماکے سے چار روز قبل ہی العوامیہ سے تعلق رکھنے والے جنگجو ؤں نے القطیف میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی پر حملہ کیا تھا ۔اس حملے میں خصوصی فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔