راولپنڈی (جیوڈیسک) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، پنجاب رینجرز نے ڈیرہ غازی خان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔ ملک بھر میں فسادیوں کیخلاف آپریشن پوری قوت سے جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پنجاب رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر گزشتہ رات ڈیرہ غازی خان میں آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ڈیرہ غازی خان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے اور ممکنہ طور پر رمضان المبارک کے دوران مذہبی اجتماع کو نشانہ بنایا جانا تھا۔ تاہم پنجاب رینجرز نے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی چک بیلی روڈ پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ دہشتگردوں سے ملنے والا ہینڈ گرنیڈ ، بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا ، پولیس اہلکار عام شہریوں کی تلاشی لیتے رہے ، دہشتگرد فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق چک بیلی روڈ پر سرچ آپریشن کے دوران مبینہ طور پر تین دہشتگرد ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد چھوڑ کر فرار ہو گئے، جبکہ پولیس عام شہریوں کی تلاشی میں مصروف رہی، بم ڈسپوزل سکواڈ نے ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد ناکارہ بنا دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشتگرد ممکنہ طور پر گرڈ اسٹیشن کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔