ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور فلم منا بھائی ایم بی بی ایس اور لگان سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ گریسی سنگھ کو مداح ان کرداروں کے حوالے سے اب بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے دونوں فلموں میں ایسی اداکاری کے جوہر دکھائے کہ لوگ اب بھی انھیں یاد کرتے ہیں۔
گریسی سنگھ نے اس کے بعد بھارت کی دیگر زبانوں میں بننے والی اور بہت سی ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے مگر ان کی شہرت برقرار نہ رہ سکی۔
گریسی سنگھ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 20 جولائی 1980ء کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ٹیلی وژن کے ڈرامہ سیریل امانت سے کیا۔ اس کے بعد فلم ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم میں انہوں نے کاجل کی چھوٹی بہن کا کردار نبھایا تھا۔ گریسی سنگھ کو اصل شہرت عامر خان کے ساتھ شہرہ آفاق فلم لگان سے حاصل ہوئی۔
اس فلم کو آسکر ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انھیں مشہور فلم منا بھائی ایم بی بی ایس میں سنجے دت کے مقابل چنکی کے رول میں کاسٹ کیا گیا۔ یہ فلم ناصرف کامیاب ہوئی بلکہ اس سے گریسی سنگھ کو بھی مزید شہرت ملی۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں میں کام کیا لیکن شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔
فلموں میں کامیابی نہ ملنے کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ڈراموں میں قسمت آزمائی کی۔ گریسی سنگھ ان دنوں بھارتی ٹیلی وژن کی مصروف اداکارہ ہیں۔