ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک ممکنہ خود کش حملہ آور کو اپنے اپارٹمنٹ تک محدود کر خانہ کعبہ پر اس کے حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
ٹیلی وژن پر ایک بیان میں وزارت داخلہ نے کہا کہ تین گروہوں نے ایک ایسے وقت میں خانہ کعبہ میں عبادت گذاروں اور سیکیورٹی اہل کاروں پر حملوں کا منصوبہ بنایا تھا، جب رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے محاصرے میں آنے والے ممکنہ خودکش حملہ آور نے فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا اور پھر اس نے بارودی مواد کا دھماکہ کر دیا۔
یہ کارروائی خانہ کعبہ کے قریبی علاقے اجیاد المصفی میں کی گئی۔
دھماکے سے عمارت منہدم ہو گئی جس سے چھ غیر ملکی اور پانچ سیکیورٹی اہل کار زخمی ہو گئے۔
ایک روز قبل سیکیورٹی فورسز نے مکہ کے ایک قریبی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کرکے ایک مطلوبہ شخص کو ہلاک کر دیا تھا۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے تیسرے گروہ کے خلاف جدہ میں کارروائی کی گئی۔
سیکیورٹی اہل کاروں نے ایک خاتون سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔