احمد پور شرقیہ (جیوڈیسک) احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کے حادثے کے بعد علاقے میں سوگ، ہر چہرے پر اداسی اور افسردگی چھائی ہوئی ہے۔
آئل ٹینکر کی آگ سے جل کر جاں بحق افراد کے جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ادھر انتظامیہ نے حادثے میں تباہ موٹر سائیکلیں، کاریں اور رکشے کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ ہائی وے کا ایک حصہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب خوفناک آگ میں جلنے والوں کے اعضا ابھی تک قریبی کھیتوں میں پڑے ہیں۔ انتظامیہ نے ابھی تک انسانی اعضا کو اکٹھا کرنے کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
خیال رہے کہ احمد پور شرقیہ میں اس وقت قیامت ٹوٹی جب حادثے کا شکار آئل ٹینکر سے لوگ پٹرول جمع کرنے میں مصروف تھے کہ ایک چنگاری نے سب کچھ جلا کر راکھ دیا۔