لاہور (جیوڈیسک) ملک میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا۔ لاہور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈی جی خان، سکھر اور لاڑکانہ سمیت پنجاب اور سندھ کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔
سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش نے گرم موسم کو خوشگوار بنادیا تاہم تیز ہواؤں کیساتھ برستی بارش نے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم کردیا ۔
لاہور، فیصل آباد، جھنگ، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈی جی خان، کبیر والا، گوجرہ میں بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں تیزہواؤں کے بعد بارش کے باعث 200 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے۔
جیکب آباد، گھوٹکی، شکارپور، کندھ کوٹ اور اوباڑو سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد بجلی غائب ہوگئی۔
سکھر شہر اور گردونواح میں کل شام7 بجے سے بند بجلی بحال نہ ہوسکی، ترجمان سیپکو کا کہنا ہے کہ گھوٹکی اور اوباڑو کے تمام فیڈر 132 کے وی تار گرنے کی وجہ سے ٹرپ کرگئے جن کی بحالی کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔