اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما پیپرز کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے مختلف افراد کے بیانات کی روشنی میں وزیر اعظم کے تینوں بچوں کے لیے سوالنامے اور جائزہ رپورٹ مرتب کر رہی ہے۔
عید الفطر کی چھٹیوں کے باوجود پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں سپریم کورٹ کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داری پوری کرنے میں مصروف ہے۔
عید الفطر کے تیسرے روز بھی ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں مختلف افراد کی جانب سے پیشی کے دوران دیئے گئے بیانات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کی جارہی ہے جب کہ 2 جولائی سے شروع ہونے والی پیشیوں کیلئے سوالنامے کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے۔
اس کے علاوہ رحمان ملک کی جمع کردہ دستاویزات اور ایف بی آر کی جانب سے فراہم کئے گئے ٹیکس ریکارڈ کی چھان بین کا عمل بھی جاری ہے۔
دوسری جانب حبیب بینک حکام نے شریف خاندان کے کاروباری اکاؤنٹس اور حدیبیہ پیپر ملز کی تفصیلات جے آئی ٹی کو پیش کردی ہیں۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے 3 جولائی کو حسن نواز ، 4 جولائی کو حسین نواز جب کہ مریم نواز کو 5 جولائی کو تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ طلب کیا ہے۔