لاہور (جیوڈیسک) صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں ایک مرکزی شاہراہ پر الٹنے کے بعد آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے دوران فرائض سے غفلت برتنے پر موٹروے پولیس کے پانچ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچوں اہلکاروں جن میں ڈی ایس پی رضوان شاہ، انسپکٹر عبدالصمد، تین سب انسپکٹر اور ایک جونیئر پیٹرولنگ افسر شامل ہے، کو فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے پر معطل کیا گیا۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سید عمران شاہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والے حادثے کے بعد محکمانہ انکوائری کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور کمیٹی کی رپورٹ آنے بعد پانچ اہلکاروں کی معطلی کا فیصلہ کیا گیا۔
عمران شاہ کے مطابق ’’رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ معطل شدہ پانچوں اہلکاروں نے آئل ٹینکر حادثے کے بعد فرائض میں غفلت برتی اور سینیئر حکام سے حادثے سے متعلق حقائق چھپائے‘‘۔
انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں معطل کیے گئے پانچوں اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
آئل ٹینکر حادثے میں جھلس کر زخمی ہو جانے والے مزید چھ افراد دم توڑ گئے ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 176 ہو گئی ہے۔
25 جون کی صبح آئل ٹینکر کے الٹنے کے بعد بڑی تعداد میں مقامی لوگ اور قریب سے گزرنے والے افراد نے ٹینکر سے بہنے والا تیل اکٹھا کرنا شروع کر دیا تھا، کہ اس دوران آگ بھڑکنے کے بعد آئل ٹینکر پھٹ گیا جس سے موقع پر ہی لگ بھگ 130 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے۔