لاہور (جیوڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے یکے بعد دیگرے فلموں کی ناکامی کے باوجود اداکاری نہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
شاہ رخ کو اداکاری کیساتھ ساتھ باکس آفس کا بھی کنگ بھی کہا جاتا ہے لیکن اب یکے بعد دیگرے ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکیں جس کی وجہ سے ان پر انگلیاں اٹھائی جانے لگی تھیں تاہم کنگ خان نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت اداکاری کو خیرباد نہیں کہیں گے۔
کنگ خان کی فلم “دل والے” باکس آفس پر رنویر سنگھ کی فلم “باجی راؤ مستانی” کو مات دینے میں ناکام ہوگئی تھی جس پر انہیں ڈسٹری بیوشن کمپنی کو معاوضہ بھی واپس کرنا پڑا جبکہ ان کی فلم “فین” بھی باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہ دکھاسکی تھی۔ رواں سال کے شروع میں ہی فلم “رئیس” بھی بڑی کامیابی نہ سمیٹ پائی جسکے بعد ان کا فنی کیریئر ختم ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن ان سب کے باوجود شاہ رخ خان اداکاری چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔
شاہ رخ خان کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میری عمر بڑھ رہی ہے لیکن پھر بھی اداکاری چھوڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیونکہ میں مداحوں کو خاندان کی طرح سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا میرا یقین ہے کہ میں پوری زندگی اداکاری کرسکتا ہوں، چاہے میں برا اداکار ہی کیوں نہ ہوں یا پھر ایسے ہی ختم ہو جاؤں لیکن اداکاری کو چھوڑنے کا خیال کبھی بھی ذہن میں نہیں آیا۔