ارکنساس (جیوڈیسک) امریکی ریاست ارکنساس کے شہر لٹل راک کے ایک نائٹ کلب میں ہفتے کی علی الصباح فائرنگ کے ایک واقعہ میں کم ازکم 17 افراد زخمی ہو گئے۔ لٹل راک کی پولیس نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس واقع میں ایک شدید زخمی ہونے والے شخص کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا فائرنگ کرنے والے کسی شخص کو گرفتار بھی کیاگیا ہے یا نہیں۔تاہم پولیس کی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ بظاہر اس فائرنگ کا تعلق کسی دہشت گردی یا کسی پیشہ ور حملہ آور سے نہیں ہے بلکہ یہ فائرنگ کسی باہمی جھگڑے کے نتیجے میں ہوئی ۔
ارکنساس کے ایک مقامی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر افراتفری دیکھنے میں آئی اور باہر نکلنے کی کوشش میں لوگ پھنس کر رہ گئے۔
فائرنگ مقامی وقت کے مطابق الصبح ڈھائی بجے شروع ہوئی ، جو کلب بند ہونے کے آدھ گھنٹے بعد کا وقت ہے۔
فیس بک پر کلب کے اعلان کے مطابق جمعے کی رات کو کلب میں کنسرٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے۔
مقامی اخبار نے پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ایک سے زیادہ لوگ ملوث ہیں۔