لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں واقع پارٹی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندھیروں کے بعد ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے۔
پانامہ کے معاملے پر قوم کو پیشگی مبارک دے چکا ہوں، آئندہ الیکشن کیلئے نمائندوں کا حتمی انتخاب خود کروں گا۔
نواز شریف پاکستان کا گاڈ فادر ہے، اس نے تمام اداروں میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں، جب بھی احتساب کا گھیرا تنگ ہوتا ہے تو انکی جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک شریف فیملی کا کبھی احتساب نہیں ہوا، اقتدار جاتا دیکھ کر نون لیگ کو جمہوریت خطرے میں نظر آنے لگی ہے۔
شریف برادران نے سعودی عرب جانے کیلئے 10 سال کا معاہدہ کیا اور اب ہمیں درس دیا جا رہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔
عمران خان نے استفسار کیا کہ شفاف الیکشن سے جمہوریت کمزور ہوتی ہے یا مضبوط؟