اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا، جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تین نسلوں کاحساب دے دیا، مریم نواز نے کہا نوازشریف نے شیر دل انسان کی طرح احتساب کا سامنا کیا، اس دن سے خوف کھاؤ جب نوازشریف اپنی کہانی لیکر عوام کے پاس جائیگا، مخالفین کو بتانا چاہتی ہوں عوام نوازشریف کی طاقت ہیں، وزیراعظم سویلین بالادستی کیلئے کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
ہمارے پاس بھی بہت راستے تھے، ہم بھی تکنیکی سہارے لیکر چھپ سکتے تھے، کمر درد کا بہانہ بنا کر گاڑی کو ہسپتال کی طرف موڑ سکتے تھے۔
نتھیا گلی کے سرکاری ریسٹ ہاؤس میں چھپ سکتے تھے، پانامالیکس میں 500 خاندانوں کے نام ہیں، مقدمہ کرنے والوں کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں، ہمارے خلاف الزامات ڈھونڈے جا رہے ہیں، 70 دن کی جے آئی ٹی کے پاس کچھ نہیں۔ دادا کی قبر سے لیکر ہمارے بچوں تک احتساب ہوا، ایک ہی خاندان کا کتنی بار احتساب ہوگا؟، نوازشریف 2018 میں بھی وزیراعظم بنیں گے۔
کارکنوں کی طرف سے اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا جو کچھ پوچھا گیا اس کا جواب دیا، سپریوم کورٹ کے فیصلے میں میرا نام نہیں، وہ فرض ادا کیا جو مجھ پر واجب نہیں تھا، جے آئی ٹی سے پوچھا ہم پر الزام کیا ہے،ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، فیملی بزنس سے متعلق سوال گھوم پھر رہے ہیں، کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے، ہمارے ذمہ عوام کا کوئی پیسہ واجب الا ادا نہیں۔
وزیراعظم کی صاحبزادی نے مزید کہا ہمارا پانچواں احتساب ہو رہا ہے، جن کا کوئی کاروبار نہیں ان سے بھی پوچھا جائے، ڈان لیکس میں بھی مجھے ملوث کیا گیا، نوازشریف نے حق کے لیے کھڑا ہونا سکھایا، باپ کے نام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
واضح رہے وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں،جہاں انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا، پیشی سے قبل جوڈیشل اکیڈمی پہنچنے پر مریم نواز نے کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔
حسین نواز، حسن نواز، ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، ان کے داماد راحیل منیر، اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب، وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی اور دیگر لیگی رہنما بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کی طرف آنے جانے والے تمام راستے خاردار تاریں اور بلاکس لگا کر بند کر دیئے گئے، کارکنوں کی بڑی تعداد جوڈیشل اکیڈمی کے باہرموجود رہی، میاں نواز شریف اور مریم نواز کے حق میں نعرے لگائے گئے، ایس ایس پی ساجد کیانی نے جوڈیشل اکیڈمی کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔