مخالفین سازشیں نہیں، میدان میں آ کر مقابلہ کریں: وزیر اعظم نواز شریف

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مخالفین کبھی دھاندلی اور کبھی احتساب کی آڑ میں ہمارے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، تو کبھی جے آئی ٹی کے پیچھے چھپتے ہیں۔ حالانکہ جے آئی ٹی جو کچھ کر رہی ہے اسے سب جانتے ہیں۔

وزیر اعظم نے سیاسی مخالفین کو چینلج کرتے ہوئے کہا کہ ان میں صرف سازشیں کرنے کی صلاحیت ہے، اگر ان میں ہمت ہے تو میدان میں آ کر ہمارا مقابلہ کریں۔ ہم نے ماضی میں بھی انھیں شکست دی تھی، انشا اللہ آئندہ بھی شکست فاش دیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 47 سالوں سے جو آپ کر رہے ہیں قوم اچھی طرح جانتی ہے۔

حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا افتتاح بہت خوشی کی بات ہے۔ صرف اکیس ماہ پہلے یہاں کھیت تھے لیکن اتنے کم عرصے میں آج یہاں اتنا بڑا منصوبہ تیار ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاور پلانٹ کا ایک سیکشن 21 ماہ میں تیار نہیں ہو سکتا لیکن حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کی تعمیر سے پاکستان میں ایک نئی روایت قائم ہو رہی ہے۔ ایسی روایت نہ کبھی پہلے دیکھی اور نہ ہی سنی تھی۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج پاکستان سے اندھرے ختم ہو رہے ہیں، کسانوں کے ٹیوب ویل چل رہے ہیں اور ملک میں خوشحالی آ رہی ہے۔ ملک میں خوشحالی آ رہی ہے۔ لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کا گروتھ ریٹ 5.3 فیصد ہو گیا ہے۔ امید ہے آئندہ چند سالوں میں 7 فیصد سے آگے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت میں اتنا اضافہ ہو گیا ہے کہ پہاڑوں پر جگہ نہیں ملتی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد بجلی کی پیداوار میں 7 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا۔ آج کوئی نہ کوئی منصوبہ افتتاح کے لیے تیار ہو رہا ہے۔ پہلے پاکستان میں بجلی کی پیداوار 12000 میگا واٹ تھی جو آج 19000 میگا واٹ ہے۔