قائدآباد (نعمت اللہ مسعود سے) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انرجی پنجاب کرم الہی بندیال نے کہا ہے کہ حلقہ میں ساٹھ سالہ محرومیوں کو دور کرنے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی ہے، اپنے دس سالہ دور اقتدار میں اربوں روپے کی لاگت سے حلقہ پی پی 40 میں تعمیراتی و ترقیاتی کاموں ،بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی ہے جوکہ عوام سے پوشیدہ نہ ہے ،عوام خوب جانتی ہے کہ ماضی میں سیاستدانوں نے حلقہ کو مسائل کا گڑھ بنایا جن کے حل کیلئے دس سالہ دور اقتدار کا عرصہ کم ہے ساٹھ سالہ محرومیوں کو دور کرنے کیلئے طویل وقت درکا رہے ،حلقہ میں سڑکیں ،پی سی سی سلیپ ،میٹھے پانی کے ہینڈ پمپس،صحت اور تعلیم کے شعبہ میں سکولوں اور بنیادی ہیلتھ سینٹر ز کی اپ گریڈیشن کروا نا ایک ریکارڈ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 4 ٹی ڈی اے میں منعقدہ چک نمبر 14 ایم بی کے وائس چیئرمین چوہدری محمد اقبال کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا عشائیہ کی تقریب میں قادر یار بندیال ،14 ایم بی کے چیئرمین چوہدری عبدالحمید ،ایم سی چیئرمین حاجی احمد ،حاجی محمداقبال ،رانا محمد افضل ،ٹھیکیدار اللہ بخش ،چوہدری محمد شہباز نمبردار 2 ٹی ڈی اے،چوہدری اللہ دتہ و دیگر چوہدری برادری کی اہم شخصیات شریک تھیں انہوں نے کہا کہ قصبہ اور چکوک کی عوام کو بھی دوسرے شہریوں کی طرح تعلیم اور صحت کی سہولتیں بنیادی کی سطح پر دلوائی ہیں چک نمبر 4ٹی ڈی اے میں ہائی سکول بنانے کیلئے میں نے کردار ادا کیا اور چکوک سے نکاسی آب کیلئے نالہ کی تعمیر کیلئے بھی جلد فنڈز کا اجراء ہو جائے ،مسلم لیگ ن تحصیل قائدآباد کے صدر نذر الہی بندیال نے کہا کہ روایتی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے عوامی خدمت کیلئے سیاست کے میدان میں چوبیس گھنٹے موجود ہیں عوام کے مسائل اپنے مسائل سمجھ کر حل کرنے کیلئے آج تک سستی کا مظاہرہ نہ کیا ہے عوام کے مسائل کو فون کال ہی پر حل کرنے کیلئے ہرممکن کاوش کو برائے کارلایا عوامی خدمت کو عبادت سمجھتا ہوں جس کیلئے ہر لمحہ کوشاں ہوں ۔
قائدآباد(نعمت اللہ مسعود سے )گرفتاری کے ڈرسے اشتہاری ملزم نے نہر میں کود کر جان دے دی،ساتھی ملزم گرفتار ،نہر میں کودنے والے ملزم کی نعش کی تلاش کیلئے امدادی کاروائیاں جاری ،تفصیلات کے مطابق قائدآباد پولیس نے وڑچھہ روڈ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی پولیس کو دیکھ کر دو مشکوک افراد نے بھاگنے کی کوشش کی پولیس نے ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے ملزم سیف اللہ ولد محمد خان الہال اعوان سکنہ وڑچھہ کو حراست میں لے لیا جسے تھانہ کی حوالات میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا ساتھی ملزم محمد احسان ولد جہان خان الہال اعوان سکنہ وڑچھہ قریبی نہر مہاجر برانچ میں چھلانگ لگا دی دونوں ملزمان پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے پولیس کے مطابق قوی امکان ہے کہ ملزم محمد احسان نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ہے ملزم کی نعش کی تلاش کیلئے پولیس ،ریسکیو،ورثاء اورمقامی افراد مصرو ف عمل ہیں تاہم ابھی تک ملزم کی نعش نہ مل سکی ،ڈی ایس پی مٹھہ ٹوانہ سرکل عبدالرحمن ،ایس ایچ او تھانہ قائدآباد قاسم نتھوکہ اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے وقوعہ کا جائزہ لیا ۔
قائدآباد (نعمت اللہ مسعود سے )سٹی ایریا میں سیوریج کی پائپ لائنیں بندش کا شکار،سیوریج اور بارشی پانی شہر کی سڑکوں پر مٹر گشت کرنے لگا ،بازار کی رونقیں ماند پڑ گئیں،دو روز قبل آنے والی بارش کا پانی ابھی تک شہر کی گلیوں اور بازاروں میں کھڑا ہے شہریوں کا پیدل گزرنا محال ہوگیا سٹی ایریا کی متعددگلیوں میں بچھائے جانے والے بوسیدہ سیوریج پائپ پھٹنے کے باعث جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں،سیوریج نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے شہر بھر کی گلیوں میں بد بو اور تعفن پھیلنے لگا ،20سال قبل سیوریج کے چھوٹے پائپ اس وقت مٹی سے بھر جانے سے نالیوں کا آلودہ پانی شہر یوں میں بیماریاں پھیلانے کا باعث بننے لگا ،نالیوں کے ناپاک پانی سے گھروں سے مساجد کو جانے والے اکثرنمازیوں کے کپڑے ناپاک ہو جاتے ہیں اور نمازیوں کی نمازیں بروقت ادا نہیں ہوسکتیں،سیوریج صفائی عملہ کی کوتاہی اور عدم دلچسپی کے باعث سیوریج صفائی نظام کی بحالی کے لیے شہریوں کو عملہ کی کمی کا بہانہ بنا کر ٹال مٹول دیا جارہا ہے شہری میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی جانب سے سیوریج صفائی نظام ناقص اور ناکارہ ہونے کے لحاظ سے مایوسی کا شکار ہیں ،شہریوں مظہر ،عبدالجبار،مظہر خان ،مبشر احمد ،شہزاد ،سلیم ،اسماعیل ذیشان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام حکومتی دعویٰ کیمطابق مقامی حکومتوں کے قیام سے شہروں میں صفائی کے لحاظ سے حالت زارپہلے سے کہیں بہتر ہوگی مگر شہریوںکی بدقسمتی سے اس وقت تک کمشنری نظام غیر فعال ہے اور پنجاب حکومت نے پرانا بلدیاتی نظام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گے اور کمشنری نظام غیر موثر اور ناکام ہونے کے باعث اکثر شہروں میں سیوریج سسٹم اور صفائی نظام ناکارہ ہونے سے گندگی کے ڈھیروں کی تصویر پنجاب حکومت کے فرسودہ دعووں کے منہ پر طمانچہ ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ،کمشنر سرگودھا نے دیرینہ مطالبہ کیاہے کہ سٹی ایریا میں سیوریج کے جدید نظام سے ہم آہنگ کرنے کیلئے فوری طور پر موثر و ٹھوس اقدامات کا حکم دیا جائے ۔
قائدآباد(نعمت اللہ مسعود سے )مسلم لیگ ن کے رہنماء ،یونین کونسل بندیال کے چئیرمین ملک ہارون احمد بندیال نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو مستعفی نہیں ہونا چاہیے ،ملکی باگ دوڑ میاں نواز شریف سنبھال کر معاشی استحکام اور قوم کو بحرانوں نے نجات دلانے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ، باشعور قوم وزیر اعظم سے استعفی کا مطالبہ نہیں کرتی ہیں ،وزیر اعظم کو ملکی اقتدار سے جدا کرنے کا شور اور واویلا مچانے والے غیر ملکی ایجنڈا پر ہیں اور ایک منظم غیر ملکی سازش کے تحت حکومت کو اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنے کیلئے راہ میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ بندیال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ میاں نواز شریف نے 2018 تک ملک کے بہترین وزیر اعظم رہیں گے میاں نواز شریف کی جمہوریت اور ملک و قو م کیلئے لازوال و مثالی قربانیوں کی داستانیں موجود ہیں میاں نواز شریف کی ملک و قوم کے مفاد میں مثبت اور عوام دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں ملک ترقی و خوشحالی کے راستہ پر گامزن ہے اور انہی کی وجہ سے ملک میں کھربوں روپے کی لاگت سے سی پیک منصوبہ سمیت میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی بدولت آج ملک میں استحکام معیشت کی راہیں بحال ہو کر دن دگنی رات چوگنی ترقی ہو رہی ہے ماضی میں اقتدار پر مسلط سیاستدانوں نے ملکی خزانہ کو بے دردی سے لوٹا مگر کسی نے جے آئی ٹی بنانے کا مشورہ تک نہ دیا آج جے آئی ٹی کی رپورٹ پر خوش ہونے والے دراصل جمہوریت کا گلہ دبانے کی سازش کر رہے ہیں اعلی عدلیہ ،سپریم کورٹ سے انشاء اللہ میاں نواز شریف اللہ اور اس کے حضور ۖ ،اور قوم کے سامنے سرفراز اور سرخرو ہونگے ۔
قائدآباد(نعمت اللہ مسعود سے )محکمہ مال تحصیل قائدآباد کے پٹواریوں کی ہڑتال16ویں روز بھی جاری ،سائلین مسائل کے حل کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے کیلئے مجبور ہو گئے پٹواریوں کے دفاتر میں بار بار چکر لگانے کے باوجود انتقالات اور عدالتوں سے ضمانت کیلئے فرد کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن پٹواری تحصیلدار آفس کے سامنے دھرنے کی شکل میں احتجاجی کیمپ میں بیٹھ کر ہڑتال کیے ہوئے ہیں سائلین کی کوئی شنوائی نہ ہے سائلین کو کئی روز سے خواری کا سامناہے انجمن حقوق پٹواریاں کے صدر میاں کریم نواز ،بنیامین ڈھڈی ،احمد خان کلو،نذر الہی و دیگر نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ مال کے اہلکاروں کے ساتھ اپ گریڈیشن اور تنخواہیں بڑھانے جیسے تمام معاہدوں پر فی الفور عمل درآمد کیا جائے اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو ہڑتال کا عمل جاری رہے گا ۔
قائدآباد(نعمت اللہ مسعود سے )تحریک انصاف کے رہنماء ملک اظہر حیات گنجیال نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے میاں نواز شریف فیملی کا قوم پر حقائق نامہ عیاں ہو گیا ہے ،جمہوریت کو نہیں میاں نواز شریف کی وزارت عظمی خطرے میں ہے ،ملک میں حقیقی جمہوریت کے علمبردار عمران خان کے روپ میں موجود ہیں جو ملک و قوم کی معاشی خوشحالی کیلئے سرگرداں ہیں نواز شریف کو وزارت عظمی سے مستعفی ہو کر گھر کو لوٹنا لازم ہو گیا ہے پوری قوم یک آواز ہو کر استعفی کا مطالبہ کر رہی ہے اور یہ مطالبہ عوام میں زور پکڑ گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میانوالی روڈ پر پی ٹی آئی آفس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میاں خاندان منی لانڈرنگ کیس میں پورے ملوچ ہیں جنہیں اقتدار پر زیادہ دیر نہیں ٹھہرنا چاہیے میاں خاندان وزارت عظمی کو خاندانی وراثت سمجھتی ہے اپنی پارٹی کے سیاستدانوں کو بڑے عہدے پر فائز ہونا دیکھ نہیں پاتے ہیں نسل در نسل ملکی اقتدار کی باگ دوڑ سنبھالنے کیلئے مقاصد صرف قومی دولت پر عیاشی کرنا ہے اور قومی دولت کو خوردبرد کر کے بیرون ممالک منتقل کرکے اکائونٹس بھرنے کی روش اپنائی ہوئی ہے جو کہ قوم کے ساتھ سراسر ناانصافی اور زیادتی کے مترادف ہے ملک و قو م کا پیسہ قوم پر ہی خرچ کرنا پڑے گا اور شریف خاندان سے پائی پائی کا عمران خان حساب کتاب لیں گے ۔
قائدآباد(نعمت اللہ مسعود سے )دودھ فروش صفدر چیمہ کے بیٹے ،عمر چیمہ کے کزن عثمان عرف جٹ طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے مرحوم کی نماز جنازہ میں سیاسی ،سماجی ،مذہبی اور تاجر برادری سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد میں شرکت کی مرحوم کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ڈبل سٹوری والے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
قائدآباد(نعمت اللہ مسعود سے )پینتالیس سالہ شادی شدہ خاتون نے گھریلو ناچاکی پر زہریلی گولیاں کھاکر خودکشی کر لی تفصیلات کے مطابق لیبر کالونی کے رہائشی قادر کی بیٹی ،کیبل آپریٹر غلام مصطفی اور آصف کی ہمشیرہ مسماة (ث) والد کے گھر رہ رہی تھی اور گھریلو حالات سے تنگ آکر گندم کی گولیاں کھا لیں جسے طبی امداد کیلئے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت غیر ہونے کے نتیجہ میں اسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو جوہرآباد میں ریفر کر دیا گیا جہاں وہ طبی امداد کے دوران ہی دم توڑگئی مرحومہ کے ورثاء کسی قسم کے قانونی کاروائی کرنے سے انکاری ہیں اور مرحومہ کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ نعمت اللہ مسعود تحصیل قائدآبادضلع خوشاب03017106038