کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئی ہیں۔ کراچی میں پارٹی رہنما فریال تالپور کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناز بلوچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے فلسفے اور نظریئے سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ میرا اچھا وقت گزرا لیکن آج تحریک انصاف اپنے منشور اور مقصد سے ہٹ چکی ہے، آج پارٹی پر یوتھ کی بجائے بزرگوں کا قبضہ ہے اور نوجوانوں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف میں کام کرتے ہوئے حد سے زیادہ محرومیاں محسوس کیں جس کے بعد میں نے بار بار عمران خان سے درخواست کی کہ وہ پارٹی پر توجہ دیں مگر انہوں نے پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کیا جبکہ اس کے برعکس پیپلز پارٹی ایسی جماعت ہے جس نے اپنے کارکنوں کو بھی وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے منتخب کیا اور انہیں عزت دی۔
ناز بلوچ نے کہا کہ مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میں اپنے گھر میں واپس آ گئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان یوتھ کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ اس وقت اگر اس ملک میں کوئی یوتھ کی نمائندگی کررہا ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔