لندن (جیوڈیسک) ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں راجر فیڈرر کا کھیل سابق عالمی نمبر ایک کے شایان شان تھا۔ سوئس ماسٹر نے کروشیا کے مارن چیلچ کے خلاف پہلا سیٹ چھ تین کے سکور سے اپنے نام کیا۔
راجر فیڈرر نے دوسرا سیٹ چھ ایک سے جیت کر پندرہ ہزار شائقین سے خوب داد سمیٹی۔ اس کے بعد انہوں نے تیسرے سیٹ میں مارچ بھی چیلچ کو چھ چار سے شکست دیکر ریکارڈ آٹھویں بار ومبلڈن کا ٹائٹل جیتا۔ کورٹ کے کنگ کا مجموعی طور پر یہ انیسواں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔
راجر فیڈرر 8 اگست 1981ء میں سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1998ء میں ٹینس کھیلنا شروع کی اور 2002ء سے لے کر نومبر 2014ء تک وہ مسلسل دنیا کے دس بہترین ٹینس کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل رہے۔
راجر فیڈرر ٹٰینس کی تاریخ میں دوسرے کھلاڑی ہیں جنھوں نے ایک ہی گرینڈ سلام مقابلے میں آٹھ بار کامیابی حاصل کی جبکہ اس سے پہلے سپین کے رافیل نڈال پہلے کھلاڑی ہیں جنھوں نے فرنچ اوپن کا ٹائٹل دس بار اپنے نام کیا۔
راجر فیڈرر پانچ بار آسٹریلین اوپن، پانچ بار یو ایس اوپن جبکہ ایک مرتبہ فرنچ اوپن بھی جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ راجر فیڈرر کے پاس 29 بار مردوں کے سنگل گرینڈ سلام فائنل میں مسلسل دس بار پہنچنے کا اعزاز بھی ہے۔
راجر فیڈرر دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کی کل آمدنی 64 ملین ڈالر ہے۔ ٹٰینس کی مقبولیت میں ان کا بڑا ہاتھ تصور کیا جاتا ہے۔