پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی، حیات آباد کے علاقے میں فرنٹیر کور کے گاڑی پر خود کش حملے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔ ایس پی کینٹ عمران ملک کے مطابق خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
پشاور میں پھر دہشت گردوں کا بزدلانہ وار، فرنٹیئر کور کی گاڑی کو نشانہ بنا دیا۔ حیات آباد کے علاقے باغ ناران سے فرنٹیر کور کی گاڑی گذر رہی تھی کہ خود کش حملہ آور نے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے گاڑی تباہ ہو گئی۔
دھماکے میں 2 سیکورٹی اہلکار اور 4 شہری زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے دھماکے میں ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا دہشت گرد قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے۔