اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی اپنی منی ٹریل غائب، وکیل نعیم بخاری نے لندن فلیٹ منی ٹریل سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں منی ٹریل مکمل نہ ہونے کا تحریری اعتراف کر لیا، وکیل نعیم بخاری نے لندن فلیٹ منی ٹریل سے متعلق جواب جمع کرا دیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہے، 1971 سے 1988 تک کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، کاؤنٹی کرکٹ اپنا 20 سال سے پرانا ریکارڈ نہیں رکھتی، جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے اور آمدن کا ریکارڈ دستیاب نہیں، عمران خان اپنی ملازمت کے شیڈول کا ریکارڈ بھی نہیں رکھتے۔
عمران خان نے اپنے جواب میں تحریر کیا ہے کہ لندن فلیٹ 1984 میں مورگیج کرایا گیا، ابتدائی رقم 61 ہزار پاؤنڈز ادا کی گئی، فلیٹ کی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار پاؤنڈ تھی، کسی قسم کی کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی۔
واضح رہے تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے سپریم کورٹ کو لندن فلیٹ کی مکمل منی ٹریل ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس پر وقت ختم ہونے پر سپریم کورٹ رجسٹرار نے عمران خان کو یاد دہانی کا نوٹس بھجوایا تھا۔
خیال رہے عمران خان کیخلاف پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔