لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے اپنے انتخابی حلقے پی پی 159 میں واقع یونین کونسل 245 خالق نگر کی مرکزی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ،صفائی کے ناقص انتظامات، ابلتے گٹر ،لٹکتی تاریں ٹوٹی ہوئی دھول اڑاتی سڑکیں مکینوں کا مقدر بن گئی ہیں۔ آبادکاری کا تناسب بڑھنے کے ساتھ ساتھ مسائل میں اضافہ ہوتارہا۔ سیوریج کی آئے روز بندش اور بارش کا پانی جمع ہوکر جو ہڑ میں تبدیل ہونیکی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگیاں شدید اذیت سے دوچارہیں ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ ہر وقت سر پر منڈلاتا ہے۔
اہلیان علاقہ کا عوامی پریس کلب کاہنہ (رجسٹرڈ) سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ خالق نگر میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابرہیں، بار بار کی شکایات کے باوجود آئے روز کی سیوریج بندش کا مسئلہ جوں کا توں ہے گھروں کے آگے گند ا پانی کھڑا ہونیکی وجہ سے نمازی حضرات خواتین اور سکول جانے والے بچے شدید مشکلات سے دوچار ہیں ،گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جوکہ ذرا سی بارش ہونے پر پانی سے بھر جاتی ہیں او ر کئی کئی دن گزرنے والوں کیلئے مشکلات کا باعث بنتے ہیں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین شام ڈھلے ہی گھروں میں مقید ہونے پر مجبو رہیں۔غیر منظو رشدہ ہاؤسنگ سوسائٹی ہونیکی وجہ سے محکمہ سوئی گیس نے کنکشنز پر پابندی لگادی ہے اہل علاقہ نے مقامی ایم این اے شازیہ مبشر اورایم پی اے وزیراعلیٰ پنجاب سے اصلاح احوال کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خالق نگر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جلد از جلد مسائل کا تدارک کروایا جائے۔