فیصل آباد : انجمن تاجران فیصل آباد (فیڈریشن) کے صدر رانا تجمل وحید نے کہا ہے کہ پانامالیکس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ کے صفحات پر سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔ بلاشبہ آزاد عدلیہ نے حاکم وقت کیخلاف ایک دلیرانہ فیصلہ دیکر ثابت کر دیا ہے کہ قانون کی نظر میں سب ایک برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد مسلم لیگی ہیں اور ہم نے مسلم لیگ کو ہی ووٹ دیا تھا، کل کی طرح ہمیں آج بھی اپنے مسلم لیگی ہونے پر فخر ہے تاہم ہمیں نہیں معلوم تھا کہ ہمارے ووٹوں کیساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے۔ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے کسی غیر کیخلاف نہیں بلکہ اس کے خلاف رپورٹ لکھی جس کی وہ خود ماتحت تھی، تمام افسران 20سے 22ویں گریڈ کے افسران تھے اور ان سب کا تعلق وفاقی اداروں سے تھا۔ انتہائی دلیرانہ رپورٹ لکھنے والے ان تمام ممبران کو قوم سیلوٹ پیش کرتی ہے اور صدر مملکت سے سفارش کرتی ہے کہ ان تمام ممبران کو پرائڈ آف پرفارمنس کے علاوہ ستارہ جرات سے بھی نوازا جائے۔ رانا تجمل وحید نے مزید کہا کہ بات صرف نواز شریف یا ان کی فیملی تک ہی محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ ان تمام کرپٹ افراد تک معاملہ جانا چاہیے جنہوں نے ملک کو لوٹا اور قومی خزانے کو شدید ترین نقصان پہنچایا۔ یہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے کیونکہ لوگ انہیں ووٹ امانت کے طور پر دیتے ہیں مگر یہ لوگ آگے سے صادق اور امین نہیں نکلتے۔ کوئی وزیراعظم بن کر تو کوئی وزیر’ کوئی وزیراعلیٰ اور کوئی رکن پارلیمنٹ بن کر اقامہ لیے پھرتا ہے ان اقامہ زدگان کو ناجائز منافع خور قرار دیکر قانون کے شکنجے میں جکڑا جائے تاکہ پھر کوئی ملک وقوم کے مفاد لوٹنے کی جرات نہ کر سکے۔
فیصل آباد () پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سیف خالد نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے جمہوریت کی آڑ میں ملک میں بادشاہت قائم کر رکھی ہے۔ بدعنوان حکمران جمہوریت کے نام پر عوام کو زیادہ دیر تک بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو مضبوط کیا ہے مگر جمہوریت کے نام پر کسی کو کرپشن نہیں کرنے دینگے۔ نواز شریف نے ہر مشکل وقت میں عوام سے معافی مانگی ہے اور جب وقت گزر گیا تو انہوں نے عوام سے منہ موڑ لیا۔ مذکورہ پارٹی راہنما نے کہا کہ ملک وقوم کو شریف خاندان سے چھٹکارا دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کریگی۔
فیصل آباد () پاکستان تحریک انصاف پی پی65 سے امیدوار چوہدری ظفر اقبال سندھو نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے نئے پاکستان میں جان ڈال دی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو نااہل کر کے سپریم کورٹ نے نیا باب رقم کر دیا اب کوئی کرپشن کرنے سے پہلے سوبار سوچے گا۔ نواز شریف کی نااہلی ملک میں کرپٹ عناصر کے خلاف ایک آغاز ہے اور اس کا اختتام پاکستان سے آخری کرپٹ انسان پکڑنے تک جاری رہیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانامہ مقدمہ کو انجام تک پہنچانے کا سارا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے کیونکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے عمران خان روز اوّل سے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا رہا۔
فیصل آباد () پاکستان تحریک انصاف پی پی51 سے متوقع ایم پی اے لقمان چوہدری اور ٹکٹ ہولڈر این اے75 فواد چیمہ کی قیادت میں جھمرہ ٹائون سے ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تاریخ ساز فیصلہ ہے۔ پاکستان کی بنیاد بنے گا اور ملک میں احتساب کا شفاف نظام قائم ہو گا اور کرپشن کی لعنت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جمہوریت کے لیے خطرہ بنتے جا رہے تھے اب یہ شکنجے میں آ چکے ہیں اور انکی چیخیں سب کو سنائی دے رہی ہیں۔ پانچوں ججز صاحبان کیطرف سے نواز شریف کو نااہل کرنے کے اس فیصلے نے ملک میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے جسے پاکستانی قوم کبھی بھی نہیں بھولیں گے۔ ریلی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔